کراچی (سی ایل نیوزویب ڈیسک) اداکار یاسر حسین اور اداکارہ اقرا عزیز کی شادی کے کافی چرچے تھے۔ دونوں کی شادی کا کارڈ بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل رہا جس پر بہت سےلوگوں نے شدید تنقید بھی کی تھی۔ تاہم اب اداکار یاسر حسین نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ایک اور راز فاش کر دیا۔ شو کے میزبان واسع چوھدری نے یاسر حسین سے شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں سے متعلق سوال کیا جس پر یاسر حسین نے کہا کہ بہت سے ایسے مہمان تھے جو بن بلائے ہی شادی میں آگئے تھے۔
یاسر حسین کے بقول انھوں نے 170 مہمانوں کی فہرست تیار کی تھی جو سب کے سب ان کے دوست تھے اور کراچی میں مقیم تھے تاہم شادی میں 200 مہمانوں نے شرکت کی جس کی وجہ سوشل میڈیا پر انکا شادی کا دعوت نامہ وائرل ہونا تھا۔ انھوں نے کہا بہت سے ایسے فنکار بھی تھے جو بن بلائے ہی آگئےتھے جن میں سے ایک نوشین شاہ بھی تھیں جو کہ اتنی مقبول بھی نہیں ہیں۔ بعد ازاں یاسر حسین نے یو ٹرن لیتے ہوئے کہا کہ وہ اچھی فنکارہ ہیں انکا سٹائل بھی کافی متاثر کن ہے اور ہماری شادی میں ہم سے زیادہ نوشین شاہ کی تصاویر کھینچی گئیں۔
