تاشقند (سی ایل نیوز ویب ڈیسک) ازبکستان کے دورے پر موجود وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کئیا ہے کہ حکومت ازبکستان کے ساتھ مل کر مغل بادشاہ ظہیر الدین بابر پر فلم بنائے گی۔
زیراعظم نے تاشقند میں ازبک صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے عظیم مغل بادشاہ ظہیرالدین بابر پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ظہیرالدین بابر کی نسل نے ہندوستان پر 300 سال تک حکمرانی کی، اس دوران بھارت کو دنیا کے دولت سے مالامال ممالک میں سے تصور کیا جاتا تھا، 24 سے 25 فیصد عالمی جی ڈی پی ہندوستان کی ہوتی تھی۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان بابر کی حکمرانی میں اپنے دور کا سپر پاور تھا اور سمجھتا ہوں کہ پاک، ازبک کی نئی نسل کو یہ ضرور معلوم ہونا چاہیے. اس طرح کی فلمیں دو خطوں کے لوگوں کو یکجا کریں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ظہیر الدین بابر پر فلم بنانے کے بعد ہم علامہ اقبالؒ، مرزا غالب اور امام بخاریؒ پر فلموں کے بارے میں سوچیں گے، ہمیں امید ہے یہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ثقافتی تبادلہ ہوگا۔
اضح رہے کہ سلطنتِ مغلیہ کی بنیاد رکھنے والے ظہیرالدین بابر 14 فروری 1483ء کو ازبکستان کے میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ منگول حکمران تیمور کی نسل میں سے تھے، انہوں نے فرگانہ کے گورنر عمر شیخ مرزا کے گھر آنکھ کھولی تھی۔
انہوں نے 1496ء میں ثمرقند کو فتح کیا تھا لیکن جلد ہی بغاوت کے باعث اس سے محروم ہونا پڑا تھا، بعدازاں ظہیرالدین بابر نے 1504ء میں کابل کو فتح کیا تھا اور ابراہیم لودھی کو 1526ء میں پانی پت کے میدان میں ہرا کر مغلیہ سلطنت کی بنیاد رکھی تھی جو تقریباً 300 سال بعد بہادر شاہ ظفر پر ختم ہوئی۔
خیال رہے کہ ظہیر الدین بابر کو عظیم فاتح کے طور پر دیکھا اور بیان کیا جاتا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ انھیں ایک ادیب و شاعر بھی مانا جاتا ہے۔ ظہیر الدین بابر کا ذکر تاریخ کی کتابوں میں تو ملتا ہے لیکن ان پر کوئی فلم بنانے کے حوالے سے کبھی کچھ سنا نہیں گیا البتہ تیسرے مغل بادشاہ جلال الدین محمد اکبر کی زندگی پر اب تک متعدد فلمیں بنائی جاچکی ہیں۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ وزیراعظم نے کسی ملک کے ساتھ مل کر ثقافتی تبادلے کا اعلان کیا ہو، وہ ماضی میں ترکی کے حوالے سے بھی ایسے اعلانات کرچکے ہیں۔ وزیراعظم نے ماضی میں ترکی کے ساتھ اسلامی فتوحات پر مبنی ڈراما سیریز بنانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور انہی کی تجویز کے پاکستان ٹیلی ویژن(پی ٹی وی) سے ترک ڈراما سیریز ارطغرل نشر ہونا شروع ہوا تھا۔