لاہور (سی ایل نیوز آن لائن) لاہور میں وکلاء گردی کا انتہائ افسوسناک واقعہ۔ معمولی موٹرسائیکل ٹکرانے پر وکیل نے تشدد کرکے شہری کو قتل کردیا۔ قتل ہونے والا شہری پولیس کی سپیشل برانچ کا کلرک تھا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سنت نگر اسلام پورہ کا رہائشی عبدالرحمٰن گزشتہ روز اپنے دوست کے ساتھ دفترجارہا تھا کہ جین مندر کے پاس وکیل کی موٹر سائیکل سے معمولی ٹکر ہوگئ جس پر وکیل طیش میں آگیا اور تھوڑا آگے جاکر عبدالرحمٰن کو روک کر اسے موٹر سائیکل سے اتارا اور گھونسے مارنے لگا۔ عبدالرحمٰن کے دوست نے وکیل کو روکتے ہوئے کہا کہ وہ دل کا مریض ہے اسے معاف کردو جبکہ مار کھاتے عبدالرحمٰن نے بھی معافیاں مانگیں مگر جونہی وکیل کے علم میں آیا کہ جسے وہ ماررہا ہےوہ دل کامریض ہے تو اسنے جان بوجھ کر اس کے دل پر مکے مارنے شروع کردئے اور ساتھ ساتھ کہتا رہا کہ میں اسے قتل کردوں گا۔ اسی دوران ٹریفک وارڈنز اور موقع پر موجود دیگر افراد نے بھی وکیل کو روکنے کی کوشش کی مگر وہ مسلسل عبدالرحمٰن کے دل پر مکے مارتا رہا۔ مقتول کے دوست نے مزید بتایا کہ وکیل نے کچھ لوگوں کو کال بھی کی جو وہاں آئے اور اسے حافظ عرفان سلہری کے نام سے بلارہے تھے۔ مکے کھاتے ہوئے عبدالرحمٰن زمین پر گرگیا اور بے سدھ ہوگیا۔ یہ دیکھ کر وکیل اپنی موٹر سائیکل موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ ریسکیو 1122 کو کال کی گئ تو انھوں نے موقع پر آکر عبدالرحمٰن کی موت کی تصدیق کردی۔ تاہم پولیس نے ایف آئ آر درج کرکے قانونی کارروائ شروع کردی ہے اور آئ جی پنجاب نے بھی اس واقعے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی ہے۔
385